Time 18 جنوری ، 2023
پاکستان

توشہ خانہ کیس: عدالت کی برہمی کے بعد عمران نے پٹیشن واپس لینے کی درخواست دائر کردی

توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے فیصلے کیخلاف دائر اپنی پٹیشن واپس لینے کیلئے عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا— فوٹو: فائل
توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے فیصلے کیخلاف دائر اپنی پٹیشن واپس لینے کیلئے عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا— فوٹو: فائل

توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے فیصلے کیخلاف دائر اپنی پٹیشن واپس لینے کیلئے عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن واپسی کی درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کیخلاف پٹیشن میں فل بینچ بنا دیا ہے ، لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا فیصلہ چیلنج کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ میں پارٹی صدارت سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی چیلنج ہے، لاہور ہائی کورٹ کا فل بینچ دونوں درخواستوں سے متعلق تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عدالت میں صرف 21 اکتوبر کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا،  لاہور ہائی کورٹ میں فُل بینچ بننے کے بعد اس عدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا ہے۔

خیال رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر  چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نےایک ہی معاملہ دو مختلف عدالتوں میں چیلنج کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن اسلام آباد ہائی کورٹ سے چھپانے پر عدالت نے گزشتہ سماعت پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ بیرسٹر علی ظفر  جیسے سینیئر وکیل سے اس کنڈکٹ کی توقع نہیں تھی۔ عدالت نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن کو  چھپانے سے متعلق کل جواب طلب کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :