19 جنوری ، 2023
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔
لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاگل پن کے شکار 30-35 لوگوں کو پارلیمنٹ سے دور کیا ہے، عمران خان کے پارلیمنٹ آنے کا مقصد گند کرنا ہے، اس کی سیاست کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے.
انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جس طرح عمران خان کرتا رہا ہے، عمران خان کے کالے کرتوت سامنے آئے ہیں، جس طرح اس نے چوری کی ہے اس پراس کی گرفتاری ہونی چاہیے، میرے خلاف بھی شرمناک مقدمہ بنایا تھا، ہم وہ کام نہیں کر رہے، ادارے اپنی طرف سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کے بعض معاملات قائد نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کر ہی زیر بحث آ سکتے ہیں، پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تیاری جاری ہے، موجودہ صورتحال میں نوازشریف سے ہدایات لینے لندن آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی واپسی کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کے بعد نوازشریف آئیں گے، نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال ہوگا، پارٹی نوازشریف کی قیادت میں متحد ہے اور رہے گی، وہ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کے پی کی حکومت دھرنے اور لانگ مارچ کر رہی تھی اس لیے وہاں مسائل ہوئے، کے پی حکومت کی عدم توجہ کے باعث وہاں دہشتگردی ہوئی، اس پر توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہم ناکام نہیں ہوئے، تین دن تک ہمارے 179 ممبران پورے تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ریاست کے بعض دفاتر ایسے ہیں جن کا ڈیٹا لیک نہیں ہونا چاہیے، ڈیٹا لیک میں صحافی شاہد اسلم کا نام آیا تھا، شاہد اسلم کو عزت و احترام کے ساتھ رکھا گیا ہے، تفتیش میرٹ پر ہوگی، ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔