19 جنوری ، 2023
راکھی ساونت کے شوہر عادل خان درانی نے اہلیہ راکھی کے حمل ضائع ہونے سے متعلق بھارتی صحافی کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا۔
گزشتہ روز بھارت کے سلیبریٹی فوٹوگرافر کی جانب سے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے راکھی کا حمل ضائع ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وائرل بھیانی کی پوسٹ میں درج تھا کہ ’ راکھی نے ہمیشہ ہمیں ہنسایا اور ہم اسے ہمیشہ لائٹ لیتے رہے لیکن اس کے باوجود راکھی حال ہی میں بہت تکلیف سے گزری ، راکھی نے مجھے فون پر بتایا کہ یش بھائی میں حاملہ تھی جس کا اعلان میں نے بگ باس مراٹھی شو میں کیا تھا لیکن ہر ایک کو یہی لگا میں مذاق کررہی ہوں لہٰذا کسی نے بھی سنجیدہ نہیں لیا، راکھی نے مجھے فون پر بتایا کہ ان کا حمل ضائع ہوگیا ہے‘۔
تاہم اب عادل خان درانی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے راکھی کا حمل ضائع ہونے سے متعلق خبر کی تردید کی۔
عادل خان نے انسٹاگرام پوسٹ پر بھارتی صحافی کے دعویٰ سے متعلق شائع کی جانے والی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور کیپشن درج کیا کہ راکھی کے مس کیرج سے متعلق خبر جعلی ہے، میری گزارش ہے کہ ایسے جعلی دعوؤں کو شائع نہ کیا جائے۔
ایک انسٹا اسٹوری میں عادل نے راکھی کے حمل ضائع ہونے والی خبر کو احمقانہ قرار دیا۔
عادل خان کی تردید کے بعد بھارتی سلیبرٹی فوٹوگرافر کی جانب سے بھی انسٹاگرام پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی۔