Time 19 جنوری ، 2023
پاکستان

چیف الیکشن کمشنر کا بنایا ہوا نگراں وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے: پرویز الٰہی

چیف الیکشن کمشنر کے بنائے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو فائل
 چیف الیکشن کمشنر کے بنائے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے ہم پنجاب میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بنایا ہوا نگراں وزیراعلیٰ نہیں چلنے دیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا پنجاب میں جب بھی الیکشن ہوں گے ہم بھرپور مقابلہ کریں گے، ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا پتا ہے، الیکشن کمیشن تو روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہا ہے۔

عمران خان کو قائداعظم کے بعد بڑا لیڈر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا عمران خان جب غلطی کرتے ہیں تو ہم انہیں روکتے ہیں لیکن جب دشمن غلطی کرنے تو اسے نہیں روکنا چاہیے اسے ڈوبنے دینا چاہیے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا ہم چیف الیکشن کمشنر کا بنایا ہوا چیف منسٹر چلنے نہیں دیں گے، چیف الیکشن کمشنر کے بنائے ہوئے وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ن لیگ والوں سے پوچھیں۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ایک دوسرے کے تجویز کردہ نام مسترد کر دیے تھے اور اس حوالے سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کوشش کی کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے متفقہ نام سامنے آ جائے لیکن حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کے ناموں کو مسترد کر دیا۔

مزید خبریں :