Time 19 جنوری ، 2023
پاکستان

الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ ہوا تو بھی سڑکوں پر احتجاج کا آپشن زیر غور نہیں: عمران خان

ابھی کئی کارڈز ہیں، کھیلے تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے، گورنر پنجاب نے ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی خلاف ورزی کی، عدالت میں چیلنج کریں گے: عمران— فوٹو: فائل
ابھی کئی کارڈز ہیں، کھیلے تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے، گورنر پنجاب نے ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی خلاف ورزی کی، عدالت میں چیلنج کریں گے: عمران— فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا تب بھی سڑکوں پر احتجاج کا آپشن زیر غور نہیں ہے۔

لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ  ابھی ان کے پاس کئی کارڈز باقی ہیں، کھیلیں گے تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔

 زمان پارک لاہور میں سینیئرصحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے موجودہ معاشی تباہی کا ذمے دار اسحاق ڈار کو قرار دیا اور کہا کہ  انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ گورنر  پنجاب نے اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد کی ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی خلاف ورزی کی ہے، گورنر کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ 

علاوہ ازیں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نےکہا کہ جان کو خطرہ ہے ، مگر چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، انتخابات کا سال ہے ، انتخابی مہم چلائیں گے ، عوامی ریلیوں میں بلٹ پروف اسکرین لگانے کا بھی فیصلہ کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران انھیں نااہل کرنا چاہتے ہیں ، نئے نئے مقدمے بنا رہے ہیں ، لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جہاں انھیں نااہل کیا جاسکے۔

عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ معاشی استحکام آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے ہی ممکن ہے ، فوری انتخابات نہ ہوئے تو موجودہ اقتصادی صورتِ حال مزید خراب ہوگی ، پاکستان کو سری لنکا کی طرح کے معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

مزید خبریں :