20 جنوری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے 15 رکنی قومی کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق سابق پرنسپل سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کمیٹی کی شریک کنوینر ہوں گی۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ معاون خصوصی خزانہ، مشیر اسٹیبلشمنٹ، معاون خصوصی حکومتی کارکردگی، چیئرمین سی ڈی اے، خزانہ،کابینہ،پاور اور ہاؤسنگ کے سیکرٹریز کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
معاشی ماہرین قیصر بنگالی، زبیر خان، فرخ سلیم اور گورننس اسپیشلسٹ محمد نوید افتخار بھی قومی کفایت شعاری کمیٹی میں شامل ہیں۔
قومی کفایت شعاری کمیٹی کے ٹی او آرز بھی جاری کر دیے گئے جس کے مطابق کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی، مالی نظم و ضبط کی سفارشات پیش کرے گی، کمیٹی سرکاری وسائل کی بچت کے لیے اقدامات تجویز کرے گی، حکومتی حجم میں کمی، اسٹرکچرل اصلاحات کی سفارشات بھی مرتب ہوں گی۔
ٹی او آرز کے مطابق کمیٹی سرکاری اداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر اقدامات تجویز کرے گی اور 15 روز میں وزیر اعظم کو سفارشات دے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کمیٹی کے لیے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔