کھیل
Time 22 جنوری ، 2023

بھارتی کرکٹر کا منیجر کھلاڑی کیساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کر گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی فاسٹ بولراُمیش یادیو  کا منیجر جو ان کا دوست بھی تھا ان کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کر گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر اُمیش یادیو کا دوست شیلیش ٹھاکرے جو  ان کا منیجر بھی تھا نے کھلاڑی سے 44 لاکھ بھارتی روپے کا فراڈ کیا۔

پولیس کو درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں انڈین ٹیم میں ڈیبیو کرنے کے بعد اُمیش یادیو نے اپنے بے روزگار دوست کو اپنا منیجر رکھا تھا ، بعد ازاں کھلاڑی کا بھروسہ جیتنے کے بعد اس نے اُمیش کے تمام مالی معاملات بھی سنبھالنا شروع کردیے۔

ایک دن امیش یادیو نے ناگپور میں کچھ زمین خریدنے کا منصوبہ بنایا اور اپنے منیجر ٹھاکرے سے اس حوالے سے رابطہ کیا۔ جس پر اس نے بھارتی کھلاڑی کو ایک بنجر زمین کے بارے میں بتایا اور اسے خریدنے کے لیے امیش سے 44 لاکھ کی رقم مانگی۔

منیجر کی بات پر بھروسہ کرتے ہوئے امیش یادیو نے رقم ٹھاکرے کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی۔

 بعد ازاں معلوم ہوا کہ ٹھاکرے نے امیش کے بجائے اپنے نام پر زمین خریدلی۔جب بھارتی فاسٹ بولر کو اس فراڈ کے بارے میں علم ہوا تو انہوں نے منیجر کو زمین ان کے نام کرنے کا کہا جس پر اس نے صاف انکار کر دیا جبکہ رقم بھی واپس کرنے سے منع کر دیا۔

دوست کے اس دھوکے پر انہوں نے اس کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کروادی، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مزید خبریں :