کھیل
Time 22 جنوری ، 2023

سچن ٹنڈولکر یا کوہلی؟ پیٹ کمنز نے کسے بہتر بیٹر قرار دیا؟

کچھ روز قبل ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اہم اعزاز چھینا، وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں__فوٹو: فائل
کچھ روز قبل ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اہم اعزاز چھینا، وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں__فوٹو: فائل

دنیائے کرکٹ کے دو بڑے ناموں کا اکثر  ایک ساتھ تذکرہ کیا جاتا ہے، کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک ماضی کی سنہری یاد ہے تو دوسرا حال ہی میں نوجوانوں کے لیے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہے۔

ہم بات کررہے ہیں بھارت کے سابق لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر اور بھارتی ٹیم میں شامل ویرات کوہلی کی، دونوں کی کلاس اور کھیلنے کا انداز اپنا اپنا ہے، گویا بہت سے افراد اس موازنے پر تنقید بھی کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھی اکثر دونوں کا موازنہ ہوتا رہتا ہے، تاہم اب حال ہی میں آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز سے پرائم ویڈیو میں سوال کیا گیا کہ ان کی نظر میں ویرات کوہلی اور سچن ٹنڈولکر میں سے بہتر کون ہے؟

پیٹ کمنز نے جواب دیا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کے ساتھ صرف ایک مرتبہ ہی کھیلے ہیں، لہٰذا اس موازنے میں وہ ویرات کوہلی کا انتخاب کرنا چاہیں گے، یعنی ان کی نظر میں ویرات کوہلی بہتر ہیں۔

کمنز کے جواب سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں خصوصی طور پر کسی ایک کھلاڑی کا نام لینے میں مشکل پیش آرہی تھی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر سے ایک اہم اعزاز چھینا،  وہ ون ڈے کرکٹ میں بھارت میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں۔

ویرات کوہلی نے یہ اعزاز بھارت کا دورہ کرنے آئی سری لنکا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار 166 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر حاصل کیا۔

کوہلی بھارت میں ریکارڈ 21 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جبکہ ٹنڈولکر نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر 20 سنچریاں بنائی تھیں۔

 سچن ٹنڈولکر کے ریٹائر ہونے کے بعد یہی خیال کیا جا رہا تھا کہ عظیم بیٹر کے ریکارڈز شاید کوئی توڑ نہ پائے لیکن بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے گزشتہ 11،10 سالوں میں جس طرح کارکردگی دکھائی تو امید یہی جارہی تھی کہ صرف کوہلی ہی ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :