22 جنوری ، 2023
200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم سکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے نورا فتیحی اداکارہ جیکولین فرنینڈس سے جلتی تھیں اور وہ ان دونوں کے تعلق سے بھی حسد کرتی تھیں۔
بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس اور ڈانسر نورا فتیحی سے مبینہ تعلقات میں رہنے والے ملزم سکیش نے حال ہی میں اپنے وکلا کے ذریعے ایک تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے نورا فتیحی پر کچھ الزامات عائد کیے ہیں۔
سکیش نے اپنے بیان میں کہا کہ نورا کی جانب سے اکنامک آفینس ونگز اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو دیا گیا بیان بے بنیاد ہے، انہوں نے اپنا بیان تبدیل کیا۔
ملزم نے کہا 'نورا ہمیشہ سے جیکولین سے حسد کرتی تھی، وہ اس کے خلاف میرا برین واش کرتی رہتی تھی، وہ چاہتی تھی میں جیکولین کو چھوڑ کر اسے ڈیٹ کرنا شروع کر دوں'۔
اپنے بیان میں سکیش نے کہا کہ 'نورا مجھے دن میں 10، 10 مرتبہ فون کالز کرتی، اگر میں جواب نہ دیتا تو وہ مسلسل کالز کرتی رہتی تھی، جیکولین اور میں ایک سنجیدہ رشتے میں تھے، میں نے نورا کو ٹالنا شروع کردیا لیکن وہ مجھے فون کرکے پریشان کرتی رہی اور ساتھ ہی، مجھ سے بوبی نامی اپنے رشتہ دار کو میوزک پروڈکشن کمپنی قائم کرنے میں مدد کرنے کو کہتی رہی '۔
ملزم نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے ٹیلی ویژن اداکار ہ اور بگ باس سیزن 14 کی امیدوار نکی تمبولی اور اداکارہ چاہت کھنہ کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات تھے کیونکہ وہ ان کے پروڈیوسر کے بینر ایل ایس فلم میں کام کرنے والے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نورا فتیحی نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سکیش چندر شیکھر نے انہیں گرل فرینڈ بننے پر بڑے گھر اور آسائشات سے بھری زندگی دینے کی پیشکش کی تھی۔