Time 23 جنوری ، 2023
پاکستان

پارلیمنٹ، اسپیکر کا گھر تو کبھی الیکشن کمیشن، پی ٹی آئی کی استعفے رکوانے کیلئے دوڑیں لگ گئیں

ہمارا اسمبلی میں جانے کا مقصد مخصوص ہے، ہم نے وہاں بیٹھنا نہیں اپوزیشن لیڈر بنانا ہے: پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر/ اسکرین گریب
ہمارا اسمبلی میں جانے کا مقصد مخصوص ہے، ہم نے وہاں بیٹھنا نہیں اپوزیشن لیڈر بنانا ہے: پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر/ اسکرین گریب

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں واپسی اور  استعفے منظور ہونے سے روکنے کےلیے پی ٹی آئی ارکان کی دوڑیں لگ گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کی سربراہی میں ارکان پہلے قومی اسمبلی گئے تو وہاں پارلیمنٹ کے دروازے بند ملے پھر اسپیکر کے گھر بھی گئے لیکن راجا پرویز اشرف سے ملاقات نہ ہوسکی۔

پی ٹی آئی ارکان تھک ہارکر الیکشن کمیشن جاپہنچے جہاں پہلے خاردار تاروں نے راستہ روکا پھر الیکشن کمیشن نے ملاقات کےلیے بلالیا۔

عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ نے الیکشن کمیشن حکام سے درخواست کی ہےکہ 45 ارکان استعفے واپس لے رہےہیں لہٰذا اسپیکر استعفے منظورکریں تو ارکان کو ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ جو اسمبلی تحلیل ہوئی اس پر الیکشن کرایا جائے جب کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے، الیکشن کمیشن سے تمام پہلوؤں پر کھل کر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے 45 ا راکین ہیں، استعفوں پر لیڈرشپ کی میٹنگ ہے جس میں اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کا نام آئے گا، پھر مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے یہ کہا گیا کہ پی ٹی آئی والے اسمبلی سے باہر ہیں وہ تنخواہیں لے رہے ہیں، 10 اپریل سے آج تک 127 اراکین کو اسمبلی سے کوئی پیسہ وصول ہوا اور نہ ہم نے مطالبہ کی، اگر لاجز میں کچھ لوگ رہ رہے ہیں تو وہ اس کا کرایہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اسمبلی میں جانے کا مقصد مخصوص ہے، ہم نے وہاں بیٹھنا نہیں اپوزیشن لیڈر بنانا ہے۔

مزید خبریں :