23 جنوری ، 2023
کراچی پولیس کے سربراہ و ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو نے نقیب اللہ محسود قتل کیس کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کراچی کے تھانوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھاکہ تحریری حکم کے بعد اپیل کے حوالے سے ہائی کمان کے مشورے سے فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کے حوالے سے سینیئر افسران سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
ان کا مزید کہناتھاکہ شہر میں سکیورٹی صورتحال اطمینان بخش ہے، شہر میں ہونے والے کرکٹ میچ سمیت تمام بڑے ایونٹ میں امن و امان کی صورتحال اچھی رہی اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں سابق ایس ایس پی راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا۔
یاد رہے کہ نقیب اللہ محسود اور دیگرکو 13 جنوری 2018 کو مبینہ جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا تھا، پولیس نے مارے جانے والے چاروں افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا تھا۔
نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کر دیا تھا اور واقعے کا سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔