24 جنوری ، 2023
لاہور: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مشاورت کے بعد نائب کپتان لگایا تھا جسے میدان سے باہر بٹھا دیا گیا۔
گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم پر کوئی خوف نہیں ہے، وہ تاریخ کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں، میں نے تو الگ کرنے کی بات کی ہی نہیں، یہ ابھی پری میچور بات ہو گی، یہ سب افواہیں دوسرے لوگوں کی طرف سے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق میں کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر لگا سکتا ہوں، میں نے مشاورت کے بعد نائب کپتان لگایا تھا، اب کوئی تنازع نہیں بنانا چاہتا، شاہد میرے بڑے اچھے دوست ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز نے اپنا ہوم ورک کیا ہوتا ہے، میں نے دستخط کرنا ہوتے ہیں، اگر کسی کو اعتراض ہو تو بات ہوتی ہے، میں مداخلت نہیں کرتا، میں نے بھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے سخت مؤقف لیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکی آرتھر کا باب بند نہیں کیا تھا، اب بھی ان سے میرا رابطہ ہے، 90 فیصد معاملہ حل ہو چکا ہے، مجھے امید ہے کہ مکی آرتھر جلد ہماری ٹیم کا حصہ ہوں گے، مارک کولز ابھی نمیبیا کے ساتھ مصروف ہیں، وہ بھی جلد ہمیں جوائن کر لیں گے۔