24 جنوری ، 2023
فیس بک میسنجر کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ (ای 2 ای ای) چیٹس کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا گیا۔
اب انکرپٹڈ چیٹس میں ان فیچرز کو استعمال کرنا ممکن ہوگا جو میسنجر میں پہلے سے موجود ہیں جیسے تھیمز، کاسٹیوم ایموجیز، گروپ پروفائل فوٹوز، لنک پریویو اور کسی فرد کے ایکٹیو اسٹیٹس وغیرہ۔
فیس بک میسنجر کے اینڈرائیڈ ورژن میں چیٹ ببلز سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
ویسے تو یہ فیچرز نئے نہیں مگر انہیں پہلی بار انکرپٹڈ چیٹس کا حصہ بنایا جارہا ہے جس سے میسنجر صارفین میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ چیٹس کے استعمال کا رجحان بڑھے گا۔
خیال رہے کہ کمپنی کی جانب سے تاحال میسنجر چیٹس کو بائی ڈیفالٹ اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ نہیں کیا گیا۔
میٹا نے بتایا کہ تمام صارفین کو ای 2 ای ای کے نئے فیچرز تک رسائی آنے والے مہینوں تک فراہم کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق 2023 کے دوران میسنجر ایپ میں انکرپٹڈ چیٹس کے حوالے سے مزید نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔