25 جنوری ، 2023
پاکستان فٹبال فیڈریشن نائرملائزیشن کمیٹی ( این سی)کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) پاکستان میں جاری فٹ بال کے معاملات سے مطمئن ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل چیلنج کپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔
ہارون ملک کا کہنا تھا کہ پہلے فٹبال شروع کرائیں اس کے بعد انتخابات کرائیں، ہمیں گزشتہ کئی سالوں کے کام کرنا پڑ رہے ہیں اور جب تک کورٹ کیسز ختم نہیں ہوجاتے ہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کا کوئی شیڈول نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ این سی کے خلاف احتجاج کرنے والے صبر کریں، ہم صاف اور شفاف انتخابات کرکے انہیں ایک اچھا سسٹم دیکر جائیں گے،دو سال کے بعد نیشنل چینلج کپ کا آغاز ہوا ہے، کھلاڑی ، کوچز، فٹ بال منتظمین موجودہ سیٹ اپ سے مطمئن ہیں ۔مینز اور ویمنز کی ٹیمیں مستقبل میں کئی ایونٹس میں شرکت کررہی ہیں جنہیں شیڈول کرلیا گیا ہے۔
ہارون ملک کا کہنا تھا کہ دو سال کے بعد نیشنل چینلج کپ کا آغاز ہوا ہے، کھلاڑی ، کوچز، منتظمین خوش ہیں، این سی کی کارکرگی پر پروٹیسٹ کرنے والے انتظار کریں کئی سالوں کا گند صاف کر رہے ہیں اگر سارے کام وقت پر ہوجاتے تو ہم بہت پہلے الیکشن کرا کے جاچکے ہوتے، کورٹ کیسز جب تک ختم نہیں ہوں گے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کا شیڈول نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ فیفا اور اے ایف سی کا وفد گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر تھا ، انہوں نے ہمارے پی ایف ایف کے انتخابات کے حوالے سے فری اینڈ فیئر کام پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ہماری فٹبال گراؤنڈ آباد کرنے کی کوشش کو بے حد سراہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چیلنج کپ مختلف گراؤنڈز پر کھیلا جا رہا ہے جہاں شہزاد انور کے علاوہ بھی کوچز کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مانیٹر کررہے ہیں، یہ ایونٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہورہا ہے۔آٹھ سال بعد خواتین ٹیم نے سعودی عرب میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ سب کے سامنے ہے،میں اس پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، اگر ہمارے فارن کھلاڑیوں کو پاسپورٹ وقت پر مل جاتے تو ہم پہلی پوزیشن حاصل کرلیتے۔
قبل ازیں نیشنل چیلنج کپ 2023 کا آغاز ہوگیا، کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ہونے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر کراچی محمد اقبال میمن تھے، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک، ارکان شاہد نیاز کھوکھر، سعود ہاشمی، سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم، کوآرڈینیٹر اسپورٹس کمشنر کراچی غلام محمد خان، فٹبالرز، آفیشلز اور منتظمین سمیت فٹبال برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
لیجنڈ فٹبالر علی نواز بلوچ مرحوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔اس موقع پر کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل اور کراچی بالخصوص لیاری میں بھی اس کے پرستاروں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام فٹبال کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں، امید ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی نوجوانوں کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع پیدا کرے گی، کھلاڑیوں کو مناسب تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں تو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی کو یقین دلاتا ہوں کہ مل کر کراچی میں فٹبال کے فروغ کے لیے کام کریں گے، این سی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ 27 ڈپارٹمنٹس کا قومی ٹورنامنٹ میں حصہ لینا حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔