25 جنوری ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ فواد چوہدری کورات کی تاریکی میں اغوا کیا گیا، یہ بزدلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایسے حراست میں لیا گیا جیسے دہشتگرد پکڑے جاتے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ بتائیں کہ کیا مارشل لا لگ چکا اور اسکا اعلان باقی ہے؟ بتائیں فواد چوہدری کو کہاں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متنازعہ نگران وزیراعلیٰ کو کیا اس مقصد کیلئے لگایا گیا تھا، اس ظلم اور بربریت کوختم کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کواٹھایا تھا، کیا اسکی آواز دبا لی گئی؟
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے تاہم سرکاری سطح پر فواد چوہدری کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے فواد چوہدری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد فواد چوہدری کو لاہور میں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا تھا بعد ازاں انہیں اسلام آباد لے جایا جانا تھا۔