مُنا اور سرکٹ کی جوڑی ایک بار پھر جلوہ دکھانے کو تیار، فلم کا پوسٹر بھی سامنے آگیا

فوٹو: سنجے دت ٹوئٹر
فوٹو: سنجے دت ٹوئٹر

بالی وڈ کی مشہور 'مُنا بھائی اور سرکٹ 'کی جوڑی  ایک بار پھر سنیما گھروں میں جلوہ دکھانے کو تیار ہے۔ 

فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس’ 2003 میں ریلیز ہوئی، جس میں سنجے دت نے ‘منا’ جبکہ ارشد وارثی نے ‘سرکٹ’ کا کردار نبھایا تھا، دونوں کی جوڑی کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

یہی وجہ ہے کہ فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2006 میں اس فلم کا سیکوئل 'لگے رہو منا بھائی' بنایا گیا، اس فلم میں بھی منا اور سرکٹ کی دوستی کو کافی سراہا گیا۔

اس فلم کے بعد منا اور سرکٹ دوبارہ ایک ساتھ نظر نہیں آئے لیکن اس دوران کئی بار یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ منا بھائی سیریز کی تیسری فلم بھی بنائی جارہی ہے لیکن اس حوالے سے  کوئی  تصدیق نہیں ہوئی اور شائقین کا انتظار جاری رہا۔

تاہم جمعرات کو  سنجے دت اور ارشد وارثی کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی نئی فلم کا پوسٹر شیئر کیا گیا، جس میں دونوں کو قیدی کی کپڑوں میں جیل میں کھڑے ہوئے دیکھا گیا۔

فلم کا پوسٹر دیکھ مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ آئی لیکن فلم کا نام سامنے نہیں آیا۔ 

سنجے دت نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہمارا انتظار آپ سے زیادہ طویل رہا  لیکن بالآخر یہ انتظار ختم ہوا،میں اپنے بھائی ارشد کے ساتھ ایک بار بھر مزے سے بھرپور فلم لے کر آرہا ہوں'۔

دوسری جانب ارشد نے بھی فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ' بالآخر یہ ہورہا ہے'۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت اور ارشد کی ایک کامیڈی فلم ہے جسے سنجے دت کی پروڈکشن میں بنایا جارہا ہے جبکہ اس فلم کی ہدایتکاری سدہانت سچدیو کر رہے ہیں، یہ فلم رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی۔

البتہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیا یہ منا بھائی سیریز کی تیسری فلم ہے۔

فلم کا پوسٹر دیکھ کر مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار تو کیا گیا تاہم کچھ صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ منا بھائی سیریز کی تیسری نہیں بلکہ ایک نئی فلم ہے۔

تاہم کچھ صارفین سنجے دت اور ارشد کو ایک بار پھر ایک ساتھ فلم میں نظر آنے پر خوش ہیں۔

مزید خبریں :