26 جنوری ، 2023
خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں ارب پتی خاندانوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی شامل کیا گیا ہے، بیشتر وزراء کا تعلق جے یو آئی سے ہے ۔
خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کابینہ میں 15 وزرا کو شامل کیا گیا ہے۔
کے پی کی نگران کابینہ میں مالدارافراد بھی شامل ہیں،ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے منظور آفریدی کا شمار مولانا فضل الرحمان کے انتہائی قریبی رفقاء میں ہوتا ہے ۔
ارب پتی منظور آفریدی کے مختلف کاروبار ہیں جبکہ ان کی کئی قیمتی پراپرٹی بھی ہیں، ضلع خیبر سے ہی تاج محمد آفریدی کو بھی نگران وزیر بنایا گیا ہے، تاج محمد آفریدی بھی ارب پتی ہیں ۔
اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے حاجی غفران سابق گورنر خیبرپختو نخوا سردار مہتاب احمد خان کے سمدھی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے قریبی ساتھی ہیں ، وہ پیشے کے لحاظ سے صنعتکار ہیں اور ان کے بھی اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر شاہد خان خٹک پیشے کے اعتبار سے کنٹریکٹر ہیں اور ان کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے ، یہ بھی صاحب ثروت ہیں۔
صوبائی وزیر فضل الٰہی بھی صعنتکار ہیں اور مالدار شخصیت ہیں ، اس کے علاوہ ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے محمد علی شاہ مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں جبکہ امیرمقام کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں ۔
صوبائی وزیر بخت نواز کا ضلع بٹگرام سے ہے اوران کے خاندان کا شمار بھی علاقے کی امیر ترین فیملیز میں ہوتا ہے ۔