پاکستان
Time 26 جنوری ، 2023

وزیراعلیٰ سندھ کا کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاکتوں کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاکتوں کا نوٹس لیا ہے۔

کیماڑی کےعلاقے مواچھ گوٹھ میں ایک ہفتےمیں زہریلی گیس سے 19 بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا ہے جبکہ 50 بچوں کی حالت تشویشناک ہے،ضلعی محکمہ صحت نے تحقیقات کے بعد اموات کی تصدیق کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہلاکتوں پر نوٹس لیتے ہوئےکمشنر کراچی،ڈی جی ہیلتھ او لیبر ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ محنت،محکمہ صنعت اور ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مراد علی شاہ نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ یہ کون سے فیکٹریز ہیں جن سے نقصان دہ گیس کا اخراج ہو رہا ہے؟کیا ان فیکٹریز کی کبھی انسپیکشن کی گئی ہے؟

وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ڈی ایچ او کیماڑی ڈاکٹر محمد عارف کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونیوالوں میں 18سال سے 50 سال تک کے افراد شامل ہیں ،ہلاکتیں 10 جنوری سے 25 جنوری تک رپورٹ ہوئیں، تمام افراد کی تدفین ہوچکی ہے ،پوسٹ مارٹم کسی کا نہیں کیا گیا۔

انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک بنانے والی تین فیکٹریاں سیل کردیں جبکہ ایک فیکٹری مالک سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔