27 جنوری ، 2023
بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے اداکار نندا موری تراکا رتنا سیاسی ریلی میں دل کا دورہ پڑنے سے گرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور بھارتی فلم RRR کے سپر اسٹار ننداموری تراکا رما راؤ جونیئر کے کزن اداکار ننداموری تراکا رتنا کو جمعہ کو ضلع چھتور میں ایک سیاسی ریلی میں دل کا دورہ پڑا۔
دل کا دورہ پڑنے کے باعث انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ آئی سی یو میں داخل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ننداموری تراکا رتنا سابق وزیراعلیٰ نارا چندرا بابو کے بیٹے نارا لوکیش کی سیاسی ریلی کا حصہ تھے، ریلی کے دوران وہ مندر گئے اور پھر دعا کے لیے مسجد میں بھی رکے، جیسے ہی وہ مسجد سے باہر نکل رہے تھے انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ زمین پر گر گئے۔
رپورٹس کے مطابق اداکار اب بھی آئی سی یو میں داخل ہیں، ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں بنگلورو منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
39 سالہ اداکار ننداموری تراکا رتنا نے 2002 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔