پاکستان
Time 27 جنوری ، 2023

اسحاق ڈار کا عمران خان کو معیشت کے معاملے پر لائیو مناظرے کا چیلنج

اسحاق ڈار  کا عمران خان کو  معیشت کے معاملے پر لائیو مناظرے کا چیلنج

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو  معیشت کے معاملے پر لائیو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان آئیں مجھ سے مناظرہ کرلیں، عمران خان بار بار غلط بیانی اور جھوٹ بول رہے ہیں۔ حکومت عمران خان کی لائی ہوئی تباہی کو ٹھیک کر رہی ہے ، حکومت کے پاس دو راستے تھے ، سیاست بچائیں یا  ریاست بچائیں ، ہم نے سیاست پر  ریاست کو ترجیح دی۔

اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آج جو حالات ہیں وہ عمران خان کی وجہ سے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے آج پھر معیشت کے غلط اعداد و شمار پیش کیے، معیشت کے برے حالات کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ ہمارے پاس چوائس تھی کہ سیاست بچائیں یا ریاست، عمران خان کا ہدف یہ ہے کہ اگر ان کی حکومت نہ رہے تو ریاست بھی نہ رہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کا موٹو اور  نصب العین الٹ ہے، عمران خان کے پیدا کردہ برے حالات کے بعد ہم نے ریاست کو بچایا ہے۔ عمران نیازی میں آپ کو شیشہ دکھاؤں گا، معاشی بدحالی کے ذمہ دار ہم نہیں عمران نیازی ہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں  وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان دنیا میں رہنے کے لیے اللہ نے قائم کیا اور یہ واحد ملک ہے جو کلمے کے نام پر بنا، سعودی عرب بھی کلمے کے نام پر نہیں بنا، اس کی ترقی اور خوشحالی اللہ کے ذمے ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جو ڈرامہ پانچ سال پہلے شروع ہوا، پاکستان آج اس کے نتائج بھگت رہا ہے، نواز شریف کے دور میں معیشت مضبوط ہو رہی تھی، ہماری اسٹاک مارکیٹ جنوبی ایشیا میں بہترین تھی اور دنیا میں پانچویں نمبر پر تھی۔

مزید خبریں :