29 جنوری ، 2023
واٹس ایپ کو 2 ارب سے زیادہ افراد استعمال کرتے ہیں اور دنیا کا مقبول ترین میسنجر ہے۔
میٹا کی زیرملکیت ایپ میں ٹیکسٹ اور وائس میسجز سے ہٹ کر بھی کافی کچھ کرنا ممکن ہے جیسے فوٹوز، ویڈیوز اور فائلز کو شیئر کیا جاسکتا ہے۔
صارفین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ میں مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
عام طور پر نئے فیچرز پہلے ایپ کے بیٹا ورژن میں پیش کیے جاتے ہیں اور چند ہفتوں یا مہینوں کے بعد تمام افراد کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں۔
واٹس ایپ کے ایسے نئے فیچرز کے بارے میں جانیں جو آئندہ چند ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے جس کی مدد سے ایک سے دوسرے اینڈرائیڈ فون میں وائی فائی کے ذریعے ڈیٹا ٹرانسفر کرنا ممکن ہوجائے گا۔
اس فیچر سے ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کے لیے گوگل ڈرائیو کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔
یہ نیا فیچر نہ صرف چیٹ ڈیٹا کو ٹرانسفر کرنے کا عمل آسان بنادے گا بلکہ اس عمل کو تیز بھی کردے گا۔
بہت جلد صارفین پش نوٹیفکیشنز کے ذریعے ہی کسی فرد کو بلاک کرسکیں گے۔
یعنی ایپ یا اس فرد کی چیٹ اوپن کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
مگر اس نئے فیچر سے صرف ان واٹس ایپ صارفین کو ہی بلاک کرنا ممکن ہوگا جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں نہیں ہوں گے۔
تو جب بھی کسی نامعلوم فرد کی جانب سے واٹس ایپ میسج کا نوٹیفکیشن موصول ہوگا تو آپ اسے بلاک کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے بہت جلد آڈیو اسٹیٹس لگانے کی سہولت صارفین کو فراہم کی جائے گی۔
اس فیچر سے صارفین ٹیکسٹ کی بجائے وائس نوٹس کو ریکارڈ کرکے اسٹیٹس کے طور پر پوسٹ کرسکیں گے۔
وائس اسٹیٹس کے لیے 30 سیکنڈ یا اس سے کم وقت کی آڈیو کو ریکارڈ کرنا ہوگا۔
یہ وائس اسٹیٹس پوسٹ ہونے کے 24 گھنٹے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے یا صارف خود بھی کسی وقت انہیں ڈیلیٹ کرسکے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے ٹیکسٹ ایڈیٹر کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
بنیادی طور پر یہ 3 نئے فیچرز پر مشتمل ٹول ہوگا جس میں سے ایک آپشن کے ذریعے صارفین مختلف فونٹس پر سوئچ کرسکیں گے۔
اسی طرح وہ ٹیکسٹ الائنمنٹ کو بدل سکیں جبکہ ٹیکسٹ کے بیک گراؤنڈ رنگ کو بدلنا بھی ممکن ہوگا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس سے صارفین چیٹ میں اوریجنل کوالٹی کی تصاویر بھیج سکیں گے۔
اگر اصل کوالٹی میں تصویر بھیجی جائے گی تو صارفین کا بہت زیادہ ڈیٹا استعمال ہوگا، یعنی پھر صارفین موبائل ڈیٹا سے اصل کوالٹی کی تصویر بھیجنا تو بھول ہی جائیں، اس کے لیے وائی فائی لازمی ہوگا۔
فی الحال، آپ کو ایپ میں فوٹو کوالٹی کے تین آپشنز آٹومیٹک، بہترین کوالٹی اور ڈیٹا سیورملتے ہیں۔