30 جنوری ، 2023
گزشتہ روز لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں ہونے والے خوفناک بس حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ بس مالکان کے خلاف بیلہ تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں بس کے 2 مالکان اور جاں بحق ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں اقدام قتل، غفلت، دباؤ، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور عوام کی جان خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مالکان نے تکنیکی خرابی کے باوجود ڈرائیور کو گاڑی روانہ کرنے کی ہدایت کی، اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے بس کو چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی۔
زخمی مسافر نے پولیس کو بتایا کہ گاڑی تکنیکی خرابی کے باعث بار بار ہچکولے کھاتی رہی، مسافر بار بار گاڑی کو ٹھیک کرنے کا کہتے رہے، ڈرائیور نے فون پر آگاہ کیا تو مالک نے سفر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر کوچ کھائی میں گر گئی تھی، بس میں آتشزدگی کے باعث 42 مسافر جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے تھے۔