30 جنوری ، 2023
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کو متعارف کرا دیا ہے جو اس میسنجر میں کیمرے کے استعمال کا تجربہ بدل دے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا کیمرا موڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کو سوئچ کیمرا موڈ کا نام دیا گیا ہے جس سے واٹس ایپ میں ویڈیو ریکارڈ کرتے ہوئے اب بٹن کو دبا کر رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
آسان الفاظ میں اس فیچر نے ویڈیو ریکارڈنگ کو ہینڈ فری بنا دیا ہے، بس ایک بار کیمرا ریکارڈنگ کے بٹن کو دبانے کی ضرورت ہوگی۔
واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے صارفین اس فیچر کو استعمال کرسکتے ہیں۔
فیچر کو استعمال کرنا بھی بہت آسان ہے اور اس مقصد کے لیے آپ کو واٹس ایپ میں کیمرا آئیکون پر کلک کرنا ہوگا۔
ایسا کرنے پر فوٹو اور ویڈیو کے نام سے 2 آپشن نظر آئیں گے، ورنہ پہلے ایک بٹن دبانے پر فوٹو کھینچی جاتی تھی جبکہ اسے دبا کر رکھنے سے ویڈیو ریکارڈ ہوتی تھی۔
اس نئے آپشن کی بدولت ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے بٹن کو دبا کر رکھنے کی ضرورت نہیں رہی جبکہ ریکارڈنگ کے دوران فرنٹ یا بیک کیمرے پر سوئچ کرنا بھی آسان ہوجائے گا۔
اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا اور اب جاکر اسے متعارف کرایا گیا ہے۔