پاکستان
Time 31 جنوری ، 2023

کالعدم ٹی ٹی پی کو ہمارے ایک ہمسایہ دوست ملک میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں، رانا ثنا

فوٹو: فایل
فوٹو: فایل

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو ہمارے ایک ہمسایہ دوست ملک میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں، وہ وہاں بیٹھ کر پلاننگ کرتے ہیں اور یہاں آکر بڑے آرام سے کارروائی کر ڈالتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کارروائی کرنے کے بعد جب کبھی کالعدم ٹی ٹی پی کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ یہاں محفوظ نہیں ہیں تو سرحد پار چلے جاتے ہیں جہاں انہیں سیفٹی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افغان حکومت کے ساتھ بات کرنی ہوگی کیونکہ اُن کا صرف ہم سے نہیں پوری دنیا سے وعدہ ہے کہ اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ 

وزیر داخلہ رانا ثنا  اللہ کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی سیٹلمنٹ کی پالیسی غلط ثابت ہوئی، یہ سمجھنا بھی غلط تھا کہ وہ افغان طالبان سے الگ ہیں اور ہتھیار پھینک کر خود کو آئین اور قانون کے تابع کردیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اب اس کی مخالف پالیسی اپنائی جارہی ہے جس میں کامیابی ہر قیمت پر ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے سے مسجد کی دومنزلہ عمارت گر گئی، سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور نمازیوں کی پہلی صف میں موجود تھا، مسجد کے ملبے تلے سے تین افراد کو نکال لیا گيا ،اب بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مزید خبریں :