'پٹھان 'کے ہٹ ہونے کے بعد ڈائریکٹر نے فلم کا سیکوئل بنانے کا اشارہ دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ باکس آفس پر دھوم مچارہی ہے جس کے بعد فلم انڈسٹری پر شاہ رخ کی بادشاہت مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

باکس آفس پر فلم کھڑکی توڑ بزنس کر رہی ہے، پورے بھارت میں صرف پٹھان کے چرچے ہیں اور فلم لوگوں کو خوب بھا رہی ہے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق 25 جنوری کو ریلیز کے پہلے ہی روز فلم نے دنیا بھر سے 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ فلم نے 5 دنوں میں  دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کا بزنس بھی کرلیا۔

فلم کے کامیاب ہونے کے بعد پہلی بار فلم پٹھان کی کاسٹ(شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون اور جان ابراہیم) نے فلم کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کے ہمراہ میڈیا پر آئی۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے پٹھان کی کامیابی کے بعد فلم کا سیکوئل بنانے کا اشارہ دے دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران  سدھارتھ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹھان آئی ہے اور ہٹ ہوگئی اب اس کے بعد کیا بنائیں گے؟ جس پر وہاں موجود افراد نے زور ،زور سے پٹھان 2 کی آواز لگائی جس پر فلم پٹھان کے ڈائریکٹر نے کہا کہ 'انشاءاللہ'۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے فلم پٹھان کے ساتھ 4 سال  بعد بالی وڈ میں دھواں دار انٹری ماری ہے، وہ اس سے قبل 2018میں  فلم زیرو میں مکمل کردار ادا کرتے نظر آئے تھے۔ 

مزید خبریں :