01 فروری ، 2023
آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ویزا ایشو کے باعث بھارت نہ جا سکے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ کا ویزا کلیئر ہو جائے گا اور توقع ہے وہ آج بھارت روانہ ہوں گے ۔
عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ٹیم کے ہمراہ بھارت نہ جانے کا لکھا اور انتظار کی ایک میم بھی شیئر کی۔
کرکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں ویزا کا انتظار کر رہا ہوں، یہ ایسے ہے جیسے میں پھنسا ہوا ہوں۔
آسٹریلوی اسکواڈ منگل کی رات سڈنی سے بھارت کے لیے روانہ ہوا تھا۔
عثمان خواجہ کو 2011 میں بھی بھارت جانے کے لیے ویزا ایشو کا سامنا کرنا پڑا تھا، انہیں 2011 میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے بھارت جانا تھا۔
آسٹریلوی آفیشلز نے ویزا ایشو کو عثمان خواجہ کے پاکستان سے تعلق ہونے کو وجہ قرار نہیں دیا تھا۔
آسٹریلوی بیٹر نے 2011 میں بھی ویزا نہ دینے پر آواز اٹھائی تھی،عثمان خواجہ نے کہا تھا کہ انڈیا ویزا ڈپارٹمنٹ کو اپنے ایشوز حل کرنے چاہیئں۔
2011 میں دیے گئے بیان پر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ہونے پر مجھے بھارت جانے سے انکار کیا گیا ہے،مجھے اس لیے بھارت جانے نہیں دیا گیا کہ میں یہاں آسٹریلیا میں پیدا نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بھارت میں چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے، آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 فروری کو شروع ہو گا۔