01 فروری ، 2023
اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر تصدیق یا تردید نہیں کی۔
جیونیوز کے رابطہ کرنے پر شاہد خاقان عباسی نے اس پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر کسی میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی مریم نواز کو بغیر مشاورت پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے پر نالاں تھے اور انہوں نے اس فیصلے پر استعفیٰ اگلے ہی روز بھجوادیا تھا۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مریم نوازکو پارٹی کا سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے اور ایسے میں میرا بطور سینئر نائب صدر کام کرنے کا کوئی جواز نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شاہد خاقان عباسی کا استعفیٰ اب تک منظور نہیں کیا گیا ہے۔