جائیداد تنازع: اداکار کی اہلیہ کے وکیل کے نوازالدین اور ساس پر سنگین الزامات

میری مؤکلہ پر جائیداد کے تنازع پر ان کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد انہیں ان کے گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے: وکیل/ فائل فوٹو
میری مؤکلہ پر جائیداد کے تنازع پر ان کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد انہیں ان کے گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے: وکیل/ فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی کے وکیل نے اداکار سمیت ان کی والدہ اور گھر والوں پر الزامات عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی مؤکلہ کو کھانا، سونے کے لیے بستر اور نہانے کے لیے باتھ روم تک مہیا نہیں کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ دن قبل نواز الدین کی والدہ نے اپنی بہو پر جائیداد کے تنازع پر مقدمہ درج کروایا تھا جس کے بعد اب عالیہ صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی نے اداکار نواز الدین اور ان کے اہل خانہ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

رضوان صدیقی کے مطابق ان کی مؤکلہ پر جائیداد کے تنازع پر ان کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد انہیں ان کے گھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے اور گھر سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

عالیہ کے وکیل نے بتایا کہ اداکار کی اہلیہ کو سسرال میں کڑی نگرانی میں رکھا جارہا ہے جب کہ  انہیں  پولیس کے ذریعے گرفتاری کی دھمکی بھی دی گئی اور اسے ہر روز غروب آفتاب کے بعد پولیس اسٹیشن بلاتے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پولیس کے رویے کو ان سے منسوب نہیں کرنا چاہتے لیکن یہ حقیقت ہے کہ پولیس افسران کے سامنے میری موکلہ عالیہ صدیقی کی توہین کی گئی لیکن کوئی بھی پولیس افسر میرے موکلہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے سامنے نہیں آیا۔

وکیل رضوان صدیقی نے کہا کہ میری موکلہ اپنے بچوں کے ساتھ گھر کے جس حصے میں رہائش پذیر ہیں وہاں چاروں طرف مرد محافظ تعینات اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ انہیں کھانے ، بستر اور نہانے کے لئے کوئی باتھ روم فراہم کیا جا رہا ہے۔

عالیہ صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی نے اس بات کی شکایت بھی کی ہے کہ ان کی مؤکلہ کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور انہیں بھی عالیہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی کہ وہ ضروری کاغذات پر ان کے دستخط لے سکیں اور نہ ہی پولیس اس معاملے میں ان کا ساتھ دے رہی ہے تاہم ان کی ٹیم نے کسی طرح اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں :