02 فروری ، 2023
بھارت میں سنگ دل بیٹے نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر اپنے باپ کو ہی قتل کرڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی کے رہائشی نوجوان نے باپ سے نشہ خریدنے کیلئے پیسے مانگے، باپ کے انکار پر بیٹے نے طیش میں آکر مبینہ طور پر باپ کو قتل کردیا۔
بھارتی پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول باپ کی شناخت سریش کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق شکور پور گاؤں سے ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو سریش کو زخمی حالت میں پایا، سریش کے کان سے خون بہہ رہا تھا، اسے دیکھ کر لگ رہاتھا کہ اسے گھسیٹا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے سریش کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ مقتول کا اپنے بیٹے کے ساتھ تنازع تھا، منشیات کیلئے پیسے نہ دینے پر جھگڑا ہوا اور اسی دوران بیٹے نے باپ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔