ٹک ٹاک میں ایک بڑی اور حیران کن تبدیلی

فی الحال یہ تبدیلی آسٹریلیا میں کی جارہی ہے / فائل فوٹو
فی الحال یہ تبدیلی آسٹریلیا میں کی جارہی ہے / فائل فوٹو

ٹک ٹاک نے ایک نئی اور حیرت انگیز تبدیلی صارفین کے لیے متعارف کرائی ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے معروف سوشل میڈیا ایپ میں گانوں کی تعداد کو محدود کیا جارہا ہے تاکہ اندازہ ہوسکے کہ صارفین اپنی ویڈیوز میں موسیقی کو کس حد تک اہمیت دیتے ہیں۔

کمپنی نے ایک بیان میں بتایا کہ اس تبدیلی کے بعد تخلیق کار مخصوص گانوں کو ویڈیوز میں استعمال نہیں کرسکیں گے۔

فی الحال یہ تبدیلی آسٹریلیا میں صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ فی الحال مخصوص موسیقی اور شیڈول ورک پر اس تبدیلی سے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ ہم یہ تجزیہ کریں گے کہ کس طرح  لوگوں کی جانب سے ویڈیوز کے لیے موسیقی کو استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ نئی تبدیلی چند بڑی میوزک کمپنیوں کے لیے دھچکا ثابت ہوگی جن کا ماننا ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے اس آزمائش کے نتائج کو بنیاد بنا کر گانوں کی رائلٹی میں کمی کی جائے گی۔

ٹک ٹاک اور کمپنیوں کے درمیان ایپ کی مقبولیت میں گانوں کے کردار کے حوالے سے اتفاق نہیں۔

میوزک رائٹس رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ان کے گانے ٹک ٹاک کی جانب لوگوں کو کھینچتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا کمپنی کے مطابق موسیقی بس اس ایپ کے تفریحی تجربے کا ایک حصہ ہے۔

اگر اس نئی تبدیلی کے بعد بھی ٹک ٹاک کے استعمال کی شرح مستحکم رہی تو ٹک ٹاک کو میوزک رائٹس پر زیادہ پیسے دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مزید خبریں :