دنیا
Time 02 فروری ، 2023

وہ ملک جہاں فضائی آلودگی بڑھنے پر لوگوں کو چار دیواری کے اندر رہنے کا مشورہ دیدیا گیا

تھائی حکام کی جانب سے عوام کو یہ ہدایت کی گئی / رائٹرز فوٹو
تھائی حکام کی جانب سے عوام کو یہ ہدایت کی گئی / رائٹرز فوٹو

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فضائی آلودگی کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔

مگر ایک ملک میں تو فضائی آلودگی کی صورتحال اتنی خراب ہوگئی ہے کہ وہاں کے دارالحکومت اور ملحقہ صوبوں میں لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک اور ملحقہ صوبوں میں فضائی آلودگی کی شرح عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے محفوظ قرار دی گئی سطح سے 14 گنا زیادہ بڑھ گئی ہے۔

فضائی آلودگی کے چھوٹے اور نقصان دہ ذرات پی ایم 2.5 کی سطح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور IQAir کے مطابق بینکاک اس حوالے سے دنیا کا چھٹا بدترین شہر بن چکا ہے۔

فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے والے تھائی ادارے نے ایک بیان میں بتایا کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں اور زرعی اراضی پر جلائی جانے والی فصلوں کے نتیجے میں موسمیاتی حالات کافی خراب ہوگئے ہیں۔

بیان کے مطابق ہم نے فضائی آلودگی کو قابو کرنے کے لیے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے جبکہ اسکولوں میں چار دیواری سے باہر سرگرمیوں سے گریز کا مشورہ دیا ہے تاکہ لوگوں کی صحت کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

بینکاک کے شہریوں نے سانس لینے میں مشکلات اور گھر سے باہر حد نگاہ متاثر ہونے کی شکایات کی ہیں۔

ایک شہری نے بتایا کہ 'میری آنکھیں جل رہی ہیں، میں موٹرسائیکل پر سفر کے دوران بمشکل اردگرد دیکھ پا رہا تھا'۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال فضائی آلودگی کے نتیجے میں 42 لاکھ افراد کی قبل از وقت اموات ہوتی ہیں۔

مزید خبریں :