03 فروری ، 2023
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کا علم نہیں، اجلاس میں شرکت کے لیے ہمیں دعوت نہیں ملی ۔
اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا، اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوں گے۔
اس سے قبل ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آج پشاور میں ہونے والی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے رہنما ایاز صادق نے وزیراعظم کا یہ پیغام اسد قیصر اور پروز خٹک کو پہنچایا کہ دہشت گردی کے خلاف اپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔
تاہم جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کا علم نہیں، اجلاس میں شرکت کے لیے ہمیں دعوت نہیں ملی۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں شرکت سے متعلق مرکزی قیادت سے ہدایات نہیں ملیں، اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ عمران خان کریں گے۔
واضح رہے کہ آج کے اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر غور ہوگا۔