04 فروری ، 2023
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی میں درج مقدمے میں پولیس کی راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سندھ پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مستردکرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے ایک صفحے پرمشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ تھانا موچکو کراچی نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی لیکن شیخ رشید کو آج جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجاگیا اور جوڈیشل ریمانڈکا مطلب ملزم ابھی کورٹ کی تحویل میں ہے۔
تفصیلی فیصلے میں قرار دیا گیا کہ شیخ رشید کی گرفتاری اُس عدالت کی اجازت کے بغیر نہیں کی جاسکتی، شیخ رشیدکی گرفتاری کی اجازت متعلقہ عدالت نے دی نہ ہی اجازت مانگی گئی۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق تھاناموچکوکراچی کا شیخ رشید کا راہداری ریمانڈ مانگنے کے طریقہ کارکی خلاف وزری ہے لہٰذا تھاناموچکوکراچی کی جانب سے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مستردکی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ کراچی میں بھی شیخ رشید پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر پیپلز پارٹی کے کارکن نے مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔
آج ہی اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا ہے۔