05 فروری ، 2023
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ جموں وکشمیرکا تنازعہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ ہے، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کے حالات بدترین رخ اختیار کرچکے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستانی عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 75 سال سے بھارت نے جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں، بھارت کے5 اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کے حالات بدترین رخ اختیار کرچکے ہیں، بھارت کے ان غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کوپاکستان اورکشمیریوں نے مسترد کیا ہے۔
مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے، بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وستم بڑھتا جارہا ہے، بھارت نے پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ کشمیرکے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، بھارتی ظلم وستم کے باوجود کشمیری اپنے موقف سے نہیں ہٹے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیرکی آزادی تک پاکستان غیرمشروط حمایت جاری رکھےگا۔