Time 05 فروری ، 2023
کھیل

پی ایس ایل 8 نمائشی میچ: کوئٹہ نے پشاور کو 3 رنز سے شکست دے دی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کےنقصان پر 184 رنز بنائے تھے جس کے تعاقب میں پشاور زلمی 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز ہی بنا پائی/اسکرین گریب
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کےنقصان پر 184 رنز بنائے تھے جس کے تعاقب میں پشاور زلمی 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز ہی بنا پائی/اسکرین گریب

کوئٹہ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے  پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

 نمائشی میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا  ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز   نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز  میں پشاور زلمی کو 185 رنز کا ہدف دیا۔

 185 رنز کے دیے گئے  ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی   7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی ، پشاور  زلمی کے کپتان بابر اعظم  18 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کےنقصان  پر 184 رنز بنائے ، افتخاراحمد  نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز  کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کے کپتان  سرفراز احمد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ کوئٹہ کے افتخار  94 اور خوشدل شاہ 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

افتخار احمد نے پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے آخری اوور میں 6 چھکے لگا کر  اننگز کو اچھا اختتام دیا۔

 پشاورزلمی کی جانب سے   وہاب ریاض نے تین جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے دوران بے نظمی

وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو ، وزیر تعلیم میر نصیب اللہ ، سابق کرکٹر جاویدمیانداد، محمد یوسف اوردیگر کے ساتھ میچ دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب  میچ کےموقع پر اسٹیڈیم کے باہر شائقین کرکٹ کا رش دیکھا گیا جس کے پیش نظر انتظامیہ  نے انٹری پوائنٹس بندکردیے اور  بےنظمی پر نمائشی میچ  روک دیاگیا۔

انٹری پوائنٹس بند ہونے اور  اندرجانےکی اجازت نہ ملنےپربعض شائقین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا  تاہم اب گراؤنڈ کےباہر صورتحال نارمل ہونے پرنمائشی میچ کادوبارہ آغاز کیا گیا۔

میچ کے موقع پر سکیورٹی صورتحال

کوئٹہ میں میچ کیلئے اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، میچ کے دوران  4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب پی ایس ایل کا نمائشی میچ دیکھنے کیلئے سابق اسٹار کرکٹرز شاہد آفریدی، جاوید میانداد اور معین خان بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جب کہ اداکار ایوب کھوسہ، احد رضا سمیت کئی شوبز اسٹارز بھی کوئٹہ پہنچے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :