Time 06 فروری ، 2023
پاکستان

سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو مٹیاری سے گرفتار کرلیاگیا: پرویز الہٰی

انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جارہے تھے، خدشہ ہے کہ انہیں لاپتہ کردیا جائے گا: سابق وزیراعلیٰ پنجاب— فوٹو: فائل
انہیں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جارہے تھے، خدشہ ہے کہ انہیں لاپتہ کردیا جائے گا: سابق وزیراعلیٰ پنجاب— فوٹو: فائل

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو سندھ کے علاقے مٹیاری سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پرویز الہیٰ نے بتایا کہ محمد خان بھٹی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جارہے تھے، خدشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو  ویسے ہی لاپتہ کردیا جائے گا جیسے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں ابھی تک لاپتہ ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ آئی جی سندھ اور  سندھ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ ایسے واقعات صوبوں میں نفرت کا باعث بنیں گے،  وزیر اعلیٰ سندھ اس لاقانونیت کا فوری نوٹس لیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی مٹیاری کلیم ملک کا کہنا ہے کہ پولیس نے محمد خان بھٹی کو حراست میں نہیں لیا۔

پولیس کا محمدخان بھٹی کی سرکاری رہائش گاہ پرچھاپہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جی او  آر  میں محمدخان بھٹی کی سرکاری رہائش گاہ پرچھاپہ مارا ہے، پولیس کی نفری گھرمیں داخل ہوئی اور ملازمین سے موبائل فون بھی لے لیے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے محمد خان بھٹی کی سرکاری رہائش گاہ سے ملازم  نبیل کو حراست میں لے لیا ہے، پنجاب اسمبلی کا ملازم نبیل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے گھر ڈیوٹی پرتھا۔ پولیس محمد خان بھٹی کے سرکاری گھر سے سی سی ٹی وی ویڈیو بھی لےگئی۔

مزید خبریں :