06 فروری ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ اگر ایشیا کپ کیلئے بھارت پاکستان نہیں آتا تو بھاڑ میں جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے کہا تھا کہ وہ ایشیا کپ 2023 کیلئے ٹیم نہیں بھیجے گی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی اشارہ دیا تھا کہ پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے دستبردار ہوسکتا ہے۔
اب اس معاملے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ ’اگر بھارت ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آنا چاہتا تو بھاڑ میں جائے، میں ہمیشہ کہتا ہوں اگر بھارت نہیں آنا چاہتا تو کوئی مسئلہ نہیں، ہمیں ہماری کرکٹ مل رہی ہے۔‘
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ’یہ آئی سی سی کا کام ہے اس طرح کی چیزوں کو کنٹرول کرنا ورنہ گورننگ باڈی کا کوئی فائدہ نہیں۔‘
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ’آئی سی سی کا قانون ہر ملک کیلئے یکساں ہونا چاہیے، اگر ایسی ٹیمیں قانون نہیں مانتی تو جتنی بھی مضبوط کیوں نہ ہوں انہیں باہر کردیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے وقت میں بھی وہ نہیں کھیلتے تھے کیوں کہ وہ نتیجے سے خوف زدہ ہوتے تھے، بھارتی کراؤڈ بہت خراب ہے، بھارت چاہے جس سے بھی ہارے وہ گھروں کو آگ لگا دیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ڈرتے ہیں۔‘