08 فروری ، 2023
شام اور ترکیہ میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن کئی کئی گھنٹے گزرجانے کے باوجود ملبے تلے دبے خاندانوں کے زندہ نکالے جانے کے معجزاتی مناظر بھی حیران کن ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی شہر ادلیب کے گاؤں بسنیا میں زلزلے کے نتیجے میں جہاں کئی عمارتیں زمین بوس ہوئیں وہیں ایک پورا خاندان بھی ملبے تلے دب گیا جسے کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد ریسکیو اہلکار زندہ نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
شام کے سول ڈیفنس گروپ وائٹ ہیلمٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس خاندان کے افراد کے زندہ نکالے جانے کے مناظر کو حقیقی معجزہ قرار دیتے ہوئے شیئر کیا گیا ہے۔
شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اہلکاروں کو مشینوں کے ذریعے ملبے کو ہٹانے اور پھر پورے خاندان کے افراد کو معجزاتی طور پر زندہ نکالتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ملبے تلے افراد کو نکالتے وقت لوگوں کا جم غفیر بھی معجزہ دیکھنے کیلئے موجود تھا جنہوں نے کئی گھنٹوں بعد بھی ملبے میں دبے افراد کو زندہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور اللہ اکبر کے نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار کے قریب جاپہنچی ہے، ترکیہ میں 5 ہزار 894 اور شام میں 1 ہزار 932 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا جس نے مزید تباہی پھیلائی، زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن،لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیےگئے جب کہ قیامت خیز تباہی کے بعد مزید 300 سے زیادہ آفٹر شاکس آچکے ہیں۔