پاکستان
Time 08 فروری ، 2023

محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر زیر گردش زلزلے سے متعلق پیش گوئیاں مسترد کردیں

زلزلہ قدرتی آفت ہے، اس کا علم پہلے سےنہیں ہوسکتا، پہلے سے زلزلےکا علم ہوتا تو ترکیہ میں اتناجانی ومالی نقصان نہ ہوتا: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات— فوٹو: فائل
زلزلہ قدرتی آفت ہے، اس کا علم پہلے سےنہیں ہوسکتا، پہلے سے زلزلےکا علم ہوتا تو ترکیہ میں اتناجانی ومالی نقصان نہ ہوتا: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات— فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پر زیر گردش زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کردیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلہ قدرتی آفت ہے، اس کا علم پہلے سےنہیں ہوسکتا، پہلے سے زلزلےکا علم ہوتا  تو ترکیہ میں اتناجانی ومالی نقصان نہ ہوتا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہلکی نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں اور آتے رہیں گے، ترکیہ اور  پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں، زیر گردش زلزلے سے متعلق پیشگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔

خیال رہے کہ 5 فروری کی صبح 4 بج کر 17 منٹ پر ترکیہ میں خوفناک زلزلہ آیا تھا جس سے اب تک ہزاروں افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ زلزلے سے ترکیہ کے علاوہ شام بھی متاثر ہوا جہاں اموات کی تعداد 2 ہزار 662 ہوگئی ہے۔

ترکیہ  اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 11 ہزار 200 سے بڑھ گئی ہے۔ ترک صدر طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار 574 ہوگئی ہے۔

ترکیہ میں زلزلے کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں کچھ روز پہلے ہی اس خطے میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی کی تھی۔

فرینک ہوگر بیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا، ان کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی۔

اب سوشل میڈیا پر ان ہی کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں زلزلے کی پیشگوئی کی پوسٹس وائرل ہو رہی ہیں جنہیں اب محکمہ موسمیات نے مسترد کردیا ہے۔

مزید خبریں :