08 فروری ، 2023
طالبان حکومت نے افغانستان میں ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق خبروں کے بعد کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا جس کے تحت زرمبادلہ کو بغیر اجازت ملک میں لانے پر پابندی ہوگی۔
امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ پاکستان سے یومیہ 50 لاکھ ڈالرز افغانستان اسمگل کیے جارہے ہیں۔
ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق خبروں کے بعد طالبان حکومت نے افغانستان میں کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا۔
طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ملکی ائیرپورٹس کے ذریعے5000 ڈالرز سے زیادہ اور زمینی راستوں سے زیادہ سے زیادہ 500 ڈالرز لانے کی اجازت ہوگی۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 10 لاکھ ڈالرز اسمگلنگ کی سزا ایک سال قید اور ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ہوگا، اسی طرح ایک لاکھ ڈالرز اسمگل کرنے کی سزا ایک ماہ کی قید ہوگی جبکہ اس سے کم مالیت کے ڈالرز اسمگل کرنے پر 10 دن جیل کاٹنا ہوگی۔
حکومت نے افغانستان سے قیمتی نوادرات، بیش قیمت پتھر اور سونا لے جانے پر بھی پابندی لگادی ہے اور خلاف ورزی پر رقم اور نوادرات ضبط کرلیے جائیں گے۔
بلوم برگ کی رپورٹ سے قبل بغیر بتائے زرمبادلہ لانےکی اجازت تھی۔