Time 08 فروری ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن قومی مفاد میں انتخابات کیلئے اضافی گرانٹ کا مطالبہ مؤخر کرے: وزارت خزانہ

ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو مؤخر کیا جائے: وزارت خزانہ کا الیکشن کمیشن کو جواب— فوٹو:فائل
ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو مؤخر کیا جائے: وزارت خزانہ کا الیکشن کمیشن کو جواب— فوٹو:فائل

وفاقی وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا۔

 ذرائع  کے مطابق وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے لیے اضافی گرانٹ کا مطالبہ مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

خیپر پختونخوا، پنجاب اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی 93 نشتوں پر ضمنی الیکشن کے لیے 20 ارب روپے ضمنی گرانٹ اور آئندہ انتخانات کے لیے 14 ارب روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو جوابی خط میں کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال خراب ہے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے وسیع تر قومی مفاد میں اضافی ضمنی گرانٹ کا مطالبہ مؤخر کرے، ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہونے تک اضافی ضمنی گرانٹ کے مطالبے کو مؤخر کیا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن اخراجات کیلئے  52 ارب روپے کی درخواست کی تھی۔ 

وزارت خزانہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے یہ مطالبہ 47 ارب روپے تک کم کیا۔ ای سی سی فیصلے کے مطابق 5 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 10 ارب روپے اجراء پر کام جاری ہے، ای سی پی الیکشن انعقاد کے لیے 61 ارب روپے سے زائد مانگ چکا ہے۔

وزرات خزانہ  کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اخراجات اور فارن ایکسچینج کی ضروریات کی تفصیلات فراہم کرے، الیکشن کمیشن کفایت شعاری اقدامات سے استثنیٰ کے حوالے سے اشیاء کی تفصیلات فراہم کرے، حکومت غیر معمولی معاشی بحران اور مالی خسارے کا شکار ہے، ایسی صورت حال میں حکومت کو سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے ہیں اور مردم شماری کرانی ہے۔

وزرات خزانہ کے مطابق اس صورت حال میں غیر طے شدہ اور بغیر بجٹ اخراجات سے اضافی معاشی بوجھ پڑے گا، ملک اس وقت ائی ایم ایف کے پروگرام کے تحت ہے، اس پروگرام کے بہت سخت اہداف ہیں۔

مزید خبریں :