Time 08 فروری ، 2023
کھیل

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز دلبر اور جلات کی پی ایس ایل سے کیا امیدیں ہیں؟

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز دلبرحسین اور جلات خان نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 سے بڑی امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔

دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر جلات خان نے ٹریننگ کیمپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم نمبر ون بیٹر ہیں، ان  کی وکٹ لینا میرا خواب ہے اور یہ خواب پورا کرنا چاہتا ہوں۔

جلات خان نے کہا کہ میں نے تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں شاہین آفریدی کے ساتھ کھیلوں گا اور وہ مجھے سکھائیں گے، لیہ جیسے پسماندہ علاقے سے تعلق ہے، ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے یہاں تک پہنچا ہوں، عاقب جاوید سمیت دیگر کوچز نے میری بڑی مدد کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان سپر لیگ میں کپتان شاہین آفریدی ان کے پسندیدہ کھلاڑی بھی ہیں، اگر کپتان نے اعتماد کیا تو وہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

جلات خان  نے کہا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کی وجہ سے بہت فائدہ ہو رہا ہے، وہ فاسٹ بولرز سمیت تمام کھلاڑیوں کو ہر وقت بتاتے رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بس رائٹ ایریا میں بولنگ کرنے کا سوچو، ان کی باتوں سے بہت اعتماد ملتا ہے کیونکہ وہ بہت سپورٹ کرتے ہیں۔

فاسٹ بولر دلبرحسین نے کہا کہ خواہش ہے کہ میں ایک دن پاکستان کی طرف سے کھیلوں اور  ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کروں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا ایک اعزاز ہے اور میں بھی یہ اعزاز حاصل کرنا چاہتا ہوں، ابھی تو بس یہ ہے کہ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلوں اور ٹیم کو جتواؤں۔

دلبر حسین نے کہا کہ کیمپ میں بہت محنت کی ہے، تمام کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا ہے، پی ایس ایل سے قبل کی جانے والی محنت ایونٹ کے دوران ضرور کام آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس فٹنس مسائل سے دوچار رہا ہوں، ایک سال کرکٹ نہ کھیل سکا، اب میں مکمل فٹ ہوں، کوشش ہو گی کہ اپنی ٹیم کیلئے اچھا کروں۔

مزید خبریں :