09 فروری ، 2023
کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم ملزمان کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کے تالے توڑ کر کیبل چوری کر کے لے گئے جس کے بعد ہاشو سینٹر اور آس پاس کی مارکیٹیں بجلی سے محروم ہوگئیں۔
کراچی ساؤتھ کے پریڈی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر سجاد خان کے مطابق واردات صبح 6 بجے اور 7 بجے کے درمیان ہوئی، عینی شاہدین اور چوکیداروں کے مطابق دو لوڈر گاڑیوں میں نامعلوم افراد آئے جنہوں نے کے الیکٹرک کے شناختی کارڈز گلے میں لٹکائے ہوئے تھے۔
سجاد خان کا بتانا ہے کہ ملزمان مرمت کا کام کرنے کے بہانے سب اسٹیشن میں گھسے اور بجلی بند کر کے علاقے میں سپلائی کے ہیوی اور قیمتی کیبلز نکال کر گاڑیوں میں بھر کر لے گئے۔
دکانداروں کے مطابق ہاشو سینٹر اور اطراف کی تمام مارکیٹوں میں بلیک آؤٹ ہوگیا ہے،پولیس کے مطابق کے الیکٹرک کا عملہ آیا تھا جو مکمل نہ کر کے چلا گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایم اے جناح روڈ کی ایک بڑی مارکیٹ کے سب اسٹیشن میں بھی اسی طرح کی واردات ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق کوشش کے باوجود کے الیکٹرک کا عملہ مقدمہ درج نہیں کراتا، پولیس کا شبہ ہے کہ مبینہ طور پر کے الیکٹرک کی کچھ کالی بھیڑیں بھی ملزمان کے ساتھ ملی ہوئی ہیں۔