10 فروری ، 2023
اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان کے دورے کے بعد اعلامیہ جاری کردیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف ٹیم نے31 جنوری تا 9فروری پاکستان کا دورہ کیا جو پروگرام کے نویں جائزے کےلیے تھا جب کہ دورے میں پاکستان سے تعمیری بات چیت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں مقامی اوربیرونی ناہمواریاں دور کرنے کے لیے قابل ذکربات چیت آگے بڑھی، دورے میں مستقل ریونیو حصول کے اقدامات، نان ٹارگٹڈ سبسڈی میں کمی، غریب ترین طبقے کے سماجی تحفظ بڑھانے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے پر بھی بات ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ مذاکرات میں گردشی قرض میں کمی کرکے توانائی کے شعبے میں عملداری یقینی بنانے اور پاکستانی حکام سے توانائی کی فراہمی بہترکرنے پربات ہوئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف ٹیم میکرو استحکام کے لیے پالیسیوں پر عمل درآمدکا خیر مقدم کرتا ہے، میکرواستحکام اور پائیدارترقی کے لیے سرکاری شراکت داروں سےمالی مددپاکستان کے لیے ضروری ہے، فیصلہ کن پالیسوں پربروقت عملدرآمد سے پاکستان میں میکرواستحکام آئےگا جب کہ ان پالیسیوں پر عملدر آمد کے لیے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق مشن کے دورے پر جاری بیان آئی ایم ایف بورڈ میں زیربحث نہیں آئے گا۔