Geo News
Geo News

Time 10 فروری ، 2023
دنیا

تنقید کے بعد بھارتی ادارے نے ویلنٹائن پر ’کاؤ ہگ ڈے‘ کی کال واپس لے لی

اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی اس اپیل پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی اور مذاق اڑایا گیا— فوٹو:فائل
اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی اس اپیل پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی اور مذاق اڑایا گیا— فوٹو:فائل

اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا نے 14 فروری (ویلنٹائن ڈے) کو ’گائے کو گلے لگانے کا دن’ منانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

گزشتہ دنوں اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ 14 فروری کو ’گائے کو گلے لگانے کا دن’ منایا جائے۔

بورڈ نے کہا تھاکہ مغربی کلچر اور ثقافت کی وجہ سے ہماری مذہبی روایات ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں لہٰذا 14 فروری کو تمام افراد گائے کو گلے لگانے کے دن کے طور پر منائیں اور آپس میں خوشیاں بانٹیں۔

اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی اس اپیل پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی اور مذاق اڑایا گیا جس کے بعد اب ویلفیئر بورڈ نے یہ اپیل واپس لے لی ہے۔

اینیمل بورڈ کی جانب سے گائے کو گلے لگانے کا دن منانے کی اپیل کا معاملہ بھارتی پارلیمنٹ پہنچا اور کئی اپوزیشن رہنماؤں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارت میں گائے کو مذہبی درجہ حاصل ہے اور ہندوؤں کی بڑی تعداد اس کی پوجا کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت میں گائے کے ذبیحہ پر پابندی عائد ہے۔

دنیا بھر میں 14 فروری کو محبت کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔