12 فروری ، 2023
وکٹ کیپر بیٹر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے لاہور قلندرز کے خلاف افتتاحی میچ میں اپنی ٹیم کی حکمت عملی سے متعلق گفتگو کی ہے۔
ملتان میں پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں محمد رضوان نے کہا کہ یہ درست ہے کہ میں نے خود سرفراز احمد کو کھلانے کی بات کی تھی، میں ثقلین بھائی کے پاس خود گیا تھا، مجھے ریسٹ کرانے کی بات کی جا رہی تھی، میں نے کہا کہ میرے لیے ریسٹ کے الفاظ نہ کہیں یہ بات پہلے ہیڈ کوچ سے کہی پھر گراؤنڈ میں کپتان قریب تھے میں نے کپتان کو بھی کہا میری پرفارمنس ایسی نہیں ہے کہ میں ٹیم کے لیے کھیلنے کا حقدار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا پھر مجھے کچھ کھلاڑیوں نے کہا کہ بس 50 نہیں ہیں رنز تو ہیں نا اوپر سے وکٹ کیپر بھی ہیں، میں نے کہا کہ مجھے اندر سے لگتا ہے کہ میری پرفارمنس ایسی نہیں ہے اس لیے میں نے ان دونوں کو خود کہا کہ میں اس قابل نہیں ہوں سیفی بھائی پرفارمنس اچھی کرتے رہے تھے اور پھر جب وہ کھیلے تو انہوں نے پرفارمنس دی اور میچز بچائے۔
خیال رہے کہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں کل پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں لاہور کے خلاف پہلے میچ میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہو گا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ورلڈ کلاس بولرز ہیں، امید ہے ملتان میں اچھا کراؤڈ آئے گا اور ہمیں سپورٹ ملے گی جس کا فائدہ ہو گا۔