12 فروری ، 2023
قومی آل راؤنڈر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی محمد نواز نے کہا ہے کہ جب وہ نئے آئے تھے تو ویون رچرڈز نے ان کی کافی حوصلہ افزائی کی تھی۔
کراچی میں جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد نواز نے بتایا کہ ویون رچرڈز نے انہیں کرکٹ کی بنیادی چیزیں کافی آسان انداز میں سمجھائیں تھیں، ایک اہم بات جو انہیں آج بھی یاد ہے وہ یہ تھی کہ آخر تک گیند پر نظر رکھیں پھر شاٹ کھیلیں، پہلے سے پلان نہ بنائیں۔
اپنا تجربہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی بار اس لیگ میں آئے تو ویون رچرڈز اور کیون پیٹرسن جیسے پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملا جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا تھا۔
قومی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے، جب نوجوان کھلاڑی ٹاپ پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرتے ہیں توانہیں معلوم ہوتا ہے کہ اپنا کیرئیر آگے کیسے لے کر جانا ہے، کیا حکمت عملی اپنانی ہیں اور گراؤنڈ پر کیسے رہنا ہے۔
محمد نواز کا شمار ان پلیئرز میں ہوتا ہے جو پی ایس ایل سے ابھر کر سامنے آئے اور قومی ٹیم کی انٹرنیشنل کیپ حاصل کی اور وہ پرامید ہیں کہ اس بار بھی لیگ سے پاکستان کو نئے پلیئرز ملیں گے، انہیں یقین ہے کہ پی ایس ایل میں جو نوجوان اور ابھرتے ہوئے ستارے شامل ہیں انہیں گروم ہونے کیلئے بہت اچھا موقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جیسے ٹورنامنٹس میں ضروری ہے کہ لوکل پلیئرز اچھا پرفارم کریں، جس ٹیم کے مقامی پلیئرز اچھا کھیلیں گے وہ ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرے گی۔
محمد نواز نے کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں اور ہر بار کوشش ہوتی ہے کہ جیت کا عزم لیے میدان میں اتروں، بطور آل راؤنڈر خواہش ہے کہ اس مرتبہ ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کروں جو ٹیم کے رزلٹ پر مثبت انداز میں اثر ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں ان کی ٹیم پھچلے دو سالوں میں اچھا پرفارم نہیں کر سکی تھی لیکن اس بار اچھی کارکردگی کی توقع ہے کیونکہ ٹیم کا کامبی نیشن کافی اچھا بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات کوئٹہ کا حوصلہ بڑھاتی ہے کہ اس کے پلیئرز اچھی فارم میں ہیں اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس بار سارے غیر ملکی پلیئرز پورے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہوں گے جس سے کامبی نیشن بار بار نہیں بگڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کووڈ ببل کی وجہ سے پچھلے دو ایڈیشن میں کافی مشکلات رہیں لیکن اب سب کچھ کافی آسان ہوگیا ہے۔