Time 13 فروری ، 2023
کھیل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جو مجھ پر بھروسہ کیا اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا،عمر اکمل

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی ٹیم نے جو ان پر بھروسہ کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں عمر اکمل نے کہا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں سنچریاں کریں یا نہ کریں، اگر ان کی ٹیم جیتے گی تو انہیں زیادہ خوشی ہوگی، کوشش ہوگی کہ ایسی پرفارمنس دیں جس سے ٹیم کی جیت ممکن ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلیڈی ایٹرز کیلئے پچھلا سیزن اتنا اچھا نہیں گزرا تھا لیکن اس بار جیسی ٹیم بنی ہے اور جو کامبینیشن بنا ہے، اس کو دیکھ کر ایونٹ کافی اچھا لگ رہا ، اُمید ہے اچھے رزلٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ان کیلئے حوصلہ افزا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ان پر اعتماد کیا، پچھلے سال بھی انہیں جب موقع ملا تھا اس کے بعد کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر اس بار بھی بھروسہ کیا ہے کوشش کروں گا کہ اس بھروسے پر پورا اتروں۔

ایک سوال پر عمر اکمل نے کہا کہ پچھلے 23،22 سال سے خود کو ثابت ہی کر رہا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ جہاں بھی بیٹنگ آئے ٹیم کیلئے اچھا کردارا دا کروں۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ کنڈیشن دیکھ کر لگ رہا ہے کہ میچز اچھے ہوں گے ، رات کے میچز میں اوس کا کردار بھی ہوگا، ڈیو کو ذہن میں رکھ کر بولنگ کوچ عمر گل بولرز کو گیلے گیند سے بولنگ کی پریکٹس کرا رہے ہیں۔ امید ہے کہ بولنگ یونٹ کے طور پر ہمیں زیادہ پرابلم نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مین بولنگ یونٹ ہی اس ٹورنامنٹ میں ایکشن میں ہے اور وہ تمام ہی نوجوان ہیں، میرے خیال میں ابھی یہ تمام پلیئرز طویل عرصہ تک کھیلیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اپنی ہٹنگ کو بہتر کرنے کیلئے نیٹس پر کافی محنت کرتا ہوں، کامران اکمل مجھے کافی محنت کراتے ہیں، اپنے بیٹنگ آرڈر کو ذہن میں رکھ کر کوشش کرتا ہوں کہ تیاریاں کروں۔

انہوں نے کہا کہ جب میڈیا نہیں چھوڑتا تو بری پرفارمنس پر بڑے بھائی کیوں نہیں ڈانٹیں گے ، انہوں نے کہا کہ کامران اکمل پریکٹس کراتے ہیں، ان کی نگرانی میں کرکٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق پریکٹس کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

مزید خبریں :