13 فروری ، 2023
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں تمام ٹیموں کو بیسٹ آف لک، پی ایس ایل ساری دنیا دیکھ کر انجوائے کرتی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کراچی کنگز سے ہمیشہ پیار ملا ہے، چھ سال کراچی کنگز سے کھیلا، فیملی جیسا ماحول تھا۔
بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہر ٹیم کے ساتھ سخت مقابلہ ہوتا ہے یہ ہی اس لیگ کی خوبصورتی بھی ہے، چاہے وہ کراچی کنگز ہو یا دوسری ٹیم، زلمی سے ان کا پہلا سال ہے کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں آن پیپر سب ٹیمیں اچھی لگ رہی ہیں، ایک دو میچز کے بعد صیح اندازہ لگایا جاسکتا ہے، طویل پریکٹس اس لیے کر رہا ہوں کہ کچھ نئی چیزیں ٹرائی کرنا چاہتا ہوں، کوشش ہے پہلے پریکٹس میں اپلائی کروں پھر میچز میں اس کو لیکر آؤں۔
بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں سب ٹیموں کے پاس کوالٹی بولرز ہیں اسی لیے سب یہاں آکر کھیلتے ہیں کہ بولنگ کوالٹی پی ایس ایل کی سب سے اچھی ہوتی ہے۔ پی ایس ایل سے ہر سال نیا ٹیلنٹ ملتا ہے اس بار بھی کچھ نوجوان کھلاڑیوں پر نظر ہے کہ وہ کس طرح کھیلتے ہیں، پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کیلئے سنہری موقع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افتخار احمد کے چھ گیندوں پر چھ چھکوں کو سب نے انجوائے کیا، افتخار احمد کی جس طرح فارم چل رہی ہے ایسے میں وہاب ریاض ان کے ہاتھ آگئے اور انہوں نے چھکے لگادیے، صرف پریکٹس لیگ اسپنر کیلئے نہیں کررہا ہر قسم کے بولرز کا سامنے کرنے کیلئے مختلف پریکٹس کرتا ہوں۔