Time 14 فروری ، 2023
انٹرٹینمنٹ

کرینہ کے ساتھ معروف فلم ملنے کے باوجود کیوں نہ کرسکے؟ اداکار دانش تیمور کا انکشاف

شوٹنگ کے آغاز میں 14 سے 15 دن رہ گئے تھے ، ہماری شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہونا تھی لیکن پھر خبر آئی کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی ہے: دانش تیمور—فوٹو: انسٹاگرام
شوٹنگ کے آغاز میں 14 سے 15 دن رہ گئے تھے ، ہماری شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہونا تھی لیکن پھر خبر آئی کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی ہے: دانش تیمور—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکار اور ٹی وی شو کے میزبان دانش تیمور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کرینہ کپور کے ساتھ ایک بالی وڈ فلم کی پیشکش ہوئی تھی لیکن کچھ مسائل کے باعث وہ فلم نہ کرسکے۔

حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے دانش تیمور نے تصدیق کی کہ انہیں بالی وڈ فلم 'ویرے دی ویڈنگ' میں کرینہ کے ہمراہ کام کی پیشکش ہوئی تھی جسے انہوں نے قبول کرلیا تھا۔

اداکار نے کہا 'میرے ساتھ جاوید شیخ کو بھی فلم میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی، میں اور عائزہ مجھے کردار ملنے پر بے حد خوش تھے، ہم نے یہ بات سب سے پوشیدہ رکھی اور سوچا جب فلم آئے گی تب سب دیکھ ہی لیں گے'۔

دانش نے بتایا کہ 'شوٹنگ کے آغاز میں 14 سے 15 دن رہ گئے تھے ، ہماری شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہونا تھی لیکن پھر خبر آئی کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی ہے'۔

اداکار کے مطابق 'شوٹنگ کو تقریباً ایک سال کے لیے ملتوی کیا تھا اور وہ مدت پوری ہونے سے قبل بھارت اور پاکستان کے تعلقات خراب ہوگئے اور بھارتی حکومت نے کہا کہ اب کوئی پاکستانی اداکار بالی وڈ میں کام نہیں کرے گا‘۔

واضح رہے کہ فلم ویرے دی ویڈنگ میں کرینہ کے علاوہ اداکارہ سونم کپور اور سوارا بھاسکر بھی تھیں، فلم کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :